بنگلورو30؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر کے آنیکل تعلقہ کے سرجاپور ہوبلی میں آنے والی اڈگار کلہلی میں جنتادل (ایس) رکن کونسل سی آر منوہر کی طرف سے67 ایکڑ سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ریاستی حکومت فوراً سی آئی ڈی جانچ کرائے اور خاطیوں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرے۔ یہ مطالبہ آج سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اڈگار کلہلی کے سروے نمبر 47 میں آنے والی 103 ایکڑ سرکاری زمین میں سے 67 ایکڑ گومال کی زمین پر بغیر کسی منظوری کے قبضہ کیا گیا ہے۔ 300 کروڑ روپیوں کی لاگت والی زمین پر نجی ہاؤزنگ کوآپریٹیو سوسائٹی کی طرف سے مکانات کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2009 میں لوگوں سے 24.65 کروڑ روپیوں کی پیشگی رقم لے کر اس سوسائٹی نے زمینات دینے کے نام پر دھوکہ کیاتھا۔ اب دوبارہ یہی کمپنی سرکاری زمینات پر غیر قانونی قبضے میں لگی ہوئی ہے۔ اس کمپنی کے بعض ڈائرکٹرس نے گومال کی زمین پر غیر قانونی لے آؤٹس ترتیب دے دئے ہیں اور انہیں کھلے عام فروخت کیاجارہاہے۔سرکاری خزانے کو اس سے سینکڑوں کروڑ روپیوں کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس زمین پر قبضے پر روکنے میں بنگلور کے ڈپٹی کمشنر وی شنکربھی ناکام اس لئے رہے ہیں کہ ان پر بھی یہ شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ اس قبضے میں درپردہ وہ بھی کہیں نہ کہیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جون کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اس سلسلے میں شکایت بھی کی تھی، لیکن کارروائی کرتے ہوئے محض 24 ایکڑ زمین سرکاری قبضے میں واپس لی گئی اور باقی 67 ایکڑ زمین کے متعلق کوئی کارروائی نہیں کی۔